آئی آئی ٹی طالبعلم کی آنکھ کی سرجری

گاؤ دہشت گردوں کے حملے کیخلاف احتجاج شروع کرنے طلبہ کامنصوبہ
نئی دہلی ۔ /2 جون (سیاست ڈاٹ کام) چینائی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم آئی آئی ٹی مدراس کے ایک طالبعلم سروج آر کی دائیں آنکھ کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں کہ ان کے دوستوں نے وارننگ دی کہ بیف کھانے پر سروج کو حملہ کا نشانہ بنانے والے طلبہ کیخلاف سخت کارروائی نہ کئے جانے کی صورت میں آئی آئی ٹی چینائی کے کیمپس میں جاری طلبہ کے احتجاج میں مزید شدت پیدا ہوسکتی ہے ۔ 36 سالہ سروج کے ساتھی طلبہ نے کہا کہ سروج نے ’’بیف فیسٹول‘‘ میں بڑے جانور کاگوشت نہیں کھایا تھا گو کہ طلبہ کے اس اجتماع میں یہ گوشت سربراہ کیا گیا تھا ۔ ایرواسپیس انجنیئرنگ شعبہ سے وابستہ پی ایچ ڈی اسکالر سروج کی دائیں آنکھ کی بینائی اس وقت جزوی طور پر متاثر ہوئی تھی جب /30 مئی کو دائیں بازو کی شدت پسند تنظیموں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے ان پر حملہ کردیا تھا ۔ اپالو ہاسپٹل میں ڈاکٹروں نے گزشتہ روز ان کی آنکھ کا آپریشن کیا تھا ۔ طلباء نے کہا کہ ایک ہفتہ یا اس سے کچھ پہلے سروج کی آنکھ کو ہونے والے نقصان کی صحیح حالت کا پتہ چل جائے گا ۔ آئی آئی آئی آئی ٹی کے طلبہ نے گزشتہ روز اس ادارہ کے ڈائرکٹر سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ راشٹریہ سیوایم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے ملحقہ طلبہ نے سروج پر حملہ کیا ہے ۔ حملہ آوروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر سروج کے ساتھ طلبہ اپنے احتجاج میں شدت پیدا کردیں گے ۔اس حملے کے خلاف /31 مارچ کو آئی آئی ٹی مدراس اور آئی آئی ٹی بمبئی میں احتجاجی مارچ منظم کئے گئے تھے ۔