(RAM) تو روپانی امیت اور مودی  (HAJ) ہاردک ، الپیش اور جگنیش

:گجرات الیکشن کا نعرہ
حیدرآباد۔5ڈسمبر(سیاست نیوز) انتخابات کے دوران عوامی مسائل پر گفتگو اور انہیں حل کرنے کے وعدوں کے ساتھ عوام کے مسائل سے آگہی کے علاوہ اب تک کئے گئے ترقیاتی کام کا تذکرہ کیا جاتا ہے لیکن گجرات انتخابات کیلئے رائے دہی جیسے جیسے قریب آتی جا رہی ہے کہ ویسے ہی گجرات انتخابات مذہبی رنگ میں رنگتے جا رہے ہیں۔ گجرات انتخابات میں کامیابی کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی اورنگ زیب‘ شاہجہاں‘ کے ناموں کے ساتھ حج اور رام جیسے الفاظ کا بھی استعمال کرنے لگی ہے تاکہ گجرات کے اکثریتی رائے دہندوں کو متحد کیا جاسکے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہول گاندھی کو پارٹی صدر بنائے جانے کی راہ ہموار کئے جانے پر اورنگ زیبی سیاست کا تذکرہ کرتے ہوئے مغل بادشاہوں کے ذریعہ مسلمانوں کو بالواسطہ نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جبکہ کانگریس نے مسلمانوں کو راغب کرنے کیلئے گجرات انتخابات میں کانگریس کی مدد کر رہے تین نوجوان ہاردک پٹیل‘ الپیش ٹھاکر اور جگنیش میوانی کے ناموں کے پہلے حروف کو یکجا کرتے ہوئے انہیں ’’HAJ‘‘ کا لقب دیتے ہوئے مسلمانوں کو راغب کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس کے اس ’HAJ‘ کے مقابلہ میں چیف منسٹر گجرات روپانی‘ صدر بی جے پی امیت شاہ اور وزیر اعظم مودی کے ناموں کے حروف کو یکجا کرتے ہوئے ‘HAJ’کے مقابلہ میں ’RAM‘ کو پیش کرتے ہوئے یہ کہنا شروع کردیا ہے کہ کانگریس HAJ پر بھروسہ کئے ہوئے ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے RAM کانگریس کو اور ان کے مددگاروں کو شکست دے دیں گے۔