ملبورن ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک اہم آسٹریلوی اہلکار کا کہنا ہے کہ بحر ہند کے ری یونین جزیرے سے ملنے والا جہاز کا ملبہ ممکنہ طور پر ملائیشیا کے لاپتہ جہاز ایم ایچ 370 کا ہوسکتا ہے۔ جہاز کے ملبے کی تلاش کرنے والی آسٹریلین ٹیم کے سربراہ مارٹن ڈولن نے بتایا کہ وہ بحر ہند کے جنوبی علاقے میں ’صحیح مقام‘ پر تلاش کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ چہارشنبہ کو بحرِ ہند سے ملنے والا دو میٹر لمبا مبینہ بوئنگ 777 جہاز کا پر تجزیے کے لیے فرانس بھیجا جائے گا۔ یاد رہے کہ مارچ سنہ 2014 میں کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے اس طیارے میں اس وقت 239 مسافر سوار تھے۔ آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے سربراہ مارٹن ڈولن نے کہا کہ ان کا ’اس حوالے سے اعتماد بڑھ رہا ہے کہ ملنے والے ملبے کا تعلق 777 جہاز سے ہی ہے۔‘ اس سے قبل ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کہ بحرِ ہند کے جزیرے سے ملنے والے جہاز کے ملبے کو فرانس بھجوایا جا رہا ہے تاکہ تعین کیا جاسکے کہ یہ ملبہ ملائیشیا کے جہاز ایم ایچ 370 کا ہے یا نہیں۔ وزیر اعظم نجیب رزاق نے کہا فرانسیسی حکام اس ملبے کو جنوبی شہر تولوز لے کر جائیں گے جہاں اس بات کا جلد سے جلد پتہ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کے علاوہ حکومتی نمائندے اور ایئر لائن کی ایک ٹیم بھی تولوز جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس بارے میں جیسے ہی مزید معلومات کی تصدیق ہو گی ہم اسے عوام کے سامنے پیش کر دیں گے۔