حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت چلنے والے دو اقامتی جونیئر کالجس کے 4 طلبہ نے JEE مینس امتحان میں اعلیٰ نشانات کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے سوسائٹی کیلئے خوشی کا موقع فراہم کیا ہے ۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے بتایا کہ سوسائٹی طلبہ کی تعلیمی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ پیشہ ورانہ ترقی پروگرام کے تحت بارکس اور ناگارم میں واقع اقامتی جونیئر کالجس کے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر سے تعلق رکھنے والے 18 طلبہ نے JEE مینس امتحان میں شرکت کی ۔ یہ ہندوستان کا ایک نامور اور منفرد ادارہ ہے۔ دونوں کالجس کے طلبہ کیلئے سوسائٹی کی جانب سے مفت کوچنگ کا اہتمام کیا گیا۔ بارکس کے جونیئر کالج میں کوچنگ سنٹر کا قیام عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ 18 کے منجملہ 4 طلبہ نے بہتر نشانات کے ساتھ کامیابی حاصل کی ، ان میں ماسٹر شیخ عمران اقامتی جونیئر کالج ناگارم ، ماسٹر جی پراوین اقامتی جونیئر کالج ناگارم ، ماسٹر محمد عرفان اللہ اقامتی جونیئر کالج بارکس اور ماسٹر سمیر اقامتی جونیئر کالج بارکس شامل ہیں۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ ان چاروں طلبہ کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے اور ان کے والد محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ایک طالب علم کے والد آٹو ڈرائیور اور دوسرے کے کار ڈرائیور ہے۔ کوالیفائیڈ ہونے والے ایک طالب علم کو این آئی ٹی میں داخلہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ JEE اڈوانس امتحانات میں طلبہ کیلئے نشستوں کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے سوسائٹی اپنی کاوشیں جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی بہتر کارکردگی میں طلبہ کی یہ کامیابی ایک اور سنگ میل ثابت ہوگی۔