ٹرمپ کے صدارتی اقدام سے ہندوستانی آئی ٹی صنعت اور پیشہ ور متاثر
واشنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے دوہرے حملے کے طور پر جس سے بیک وقت ہندوستانی آئی ٹی صنعت اور پیشہ ور ماہرین متاثر ہوسکتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بہت جلد ایک حکمنامہ پر دستخط کریں گے جس سے H1B اور دیگر نوعیت کے ورک ویزا پروگرام تبدیل ہوجائیں گے۔ علاوہ ازیں آئی ٹی شعبہ میں بیرونی ورکرس کی موجودہ اقل ترین تنخواہ 60,000 ڈالر کو دوگنا کرتے ہوئے 130,000 ڈالر مقرر کرنے کی تجویز کے ساتھ ایک نئی قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔ صدر ٹرمپ کی طرف سے دستخط کئے جانے والے ایک عاملانہ حکمنامہ میں جس کے افشاء کے بعد چند نیوز ویب سائیٹس نے شائع کردیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہی کہ عملی تربیتی ورک ویزا میں اختیاری توسیع کیلئے سابق صدر بارک اوباما کی طرف سے جاری حکمنامہ کو ٹرمپ انتظامیہ میں منسوخ کرنا چاہتا ہے۔ اوباما نے بیرونی ورکرس کو امریکہ میں اپنی تعلیم کی تکمیل کے بعد قابل لحاظ عرصہ تک قیام کی اجازت دی تھی جو ٹرمپ کی طرف سے نئے حکمنامہ کی اجرائی ختم ہوجائے گی۔