واشنگٹن۔2مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کیلیفورنیا میں ہندوستانی امریکی ملکیت آئی ٹی کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے 12بیرونی ملازمین کو 173,044 ڈالرس بطور اجرت ادا کرے جن میں اکثریت ہندوستانی ملازمین کی ہے جنہیں H1B ویزا پروگرام کے تحت جو تنخواہیں ادا کی جانی چاہیئے تھیں اس سطح سے کم تنخواہیں ادا کی گئیں ۔ یو ایس ڈپارٹمنٹ آف لیبر کی جانب سے اس معاملہ کی تحقیقات کی گئی تھی ۔ ویج اینڈ آورس ڈیویژن نے تحقیقات کے بعد یہ انکشاف کیا کہ آئی ٹی پرووائیڈر کلاؤڈوک ٹکنالوجیز نے جن ہندوستانی H1B ویزا برداروں کو یہاں لانے کی ذمہ داری پوری کی تھی انہیں 8300 ڈالرس فی ماہ تنخواہ ادا کئے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا جبکہ انہیں تنخواہ کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے صرف 800 ڈالرس فی ماہ کی قلیل رقم ہی ادا کی گئی ۔ کمپنی کی ویب سائیٹ کے مطابق مشہور معروف سلیکان ویلی میں واقع کلاؤڈوک ٹکنالوجیز کے بانی اور سی ای او ہندوستانی نزاد امریکی شہری منی چھابرا ہیں ۔ کمپنی نے نہ صرف انہیں قلیل تنخواہیں ادا کیں بلکہ غیرقانونی طور پر بھی کچھ رقومات ان کی قلیل تنخواہوں سے بھی منہا کرلیں ۔