واشنگٹن ۔ 27 ۔ مئی (پی ٹی آئی) امریکی آئی ٹی صنعت نے کہا ہے کہ 5,45,000 آئی ٹی ماہرین کی جائیدادیں مخلوعہ رہنے کے سبب سلیکان ویلی میں واقع آئی ٹی صنعتوں پر سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں چنانچہ H-1B ویزوں پر عائد حد میں اضافہ کیا جانا چاہئے تاکہ دنیا بھر سے قابل ، باصلاحیت اور ہنرمند افراد کو یہاں ملازمتوں کیلئے راغب کیا جاسکے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ انوویشن فاؤنڈیشن کے صدر رابرٹ اٹکنسن نے کوریئر پوسٹ میں لکھے گئے ایک مضمون میں کہا کہ ’’سلیکان ویلی امریکی معیشت میں ترقی کیلئے ایک کلیدی مقام رکھتی ہے لیکن آئی ٹی کمپنیوں کو ہنرمند ورکروں تک رسائی سے محروم رکھنا ایسا ہی جیسا کسی کو ایک ہاتھ باندھ کر پیٹھ پیچھے سے کام کرنے کیلئے کہا جائے‘‘۔ انہوں نے استدلال پیش کیا کہ ’’اس کے بجائے امریکہ کو چاہئے کہ وہ H-1B ویزوں کی حد پر عائد امتناع برخاست کرتے ہوئے ہنرمند افراد کیلئے راہیں ہموار کریں تاکہ ہماری معیشت کے انجن کو دنیا بھر کے ذہین سافٹ ویر انجنیئروں کی خدمات کے ذریعہ ایندھن فراہم کیا جاسکے‘‘۔