H-1B ویزا یافتگان کے شریک حیات کو امریکہ میں ملازمت کی اجازت

واشنگٹن۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے H-1B ویزا کے حامل باصلاحیت پیشہ ور مرد ؍ خواتین کے شریک حیات (شوہر ؍ بیوی) کو 26 مئی سے ورک پرمٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے ہزاروں ہندوستانیوں کو فائدہ پہونچ سکتا ہے۔ موجودہ امریکی قوانین کے تحت H-1B ویزا کے حامل پیشہ وروں کے شریک حیات کو ملازمت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ امریکی شہریت اور ایمیگریشن خدمات سے متعلق محکمہ میں H1-B ویزا کے حامل پیشہ ور مرد ؍ خواتین کی بیوی ؍ شوہر کو ’’ورک ویزا‘‘ کی فراہمی کیلئے 26 مئی سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ اس ادارہ کی جانب سے فارم 1-765 اور H-4 کی منظوری کے ساتھ ہی فیملی ویزا پر انحصار کرنے والے لواحقین کو ملازمت کے اجازت نامے حاصل ہوجائیں گے۔ اس طرح انتہائی باصلاحیت پیشہ ور مرد ؍ خاتون کی بیوی ؍ شوہر کو باضابطہ قانونی طور پر امریکہ میں کام کرنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔ امریکی شہریت و ایمیگریشن سرویس (یو ایس سی آئی ایس) نے تخمینہ ظاہر کیا ہے کہ اس قانون کے تحت پہلے سال کم سے کم 1,79,600 درخواستیں وصول ہوں گی اور مابعد سالانہ 55,000 درخواستیں موصول ہوتی رہیں گی۔