ماسکو ۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)روس نے G8 رکن ممالک کی جانب سے روسی تفریح گاہ سوچی میں جون کی چوٹی کانفرنس سے بے التفائی کو منفی فیصلہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے جبکہ یہ فیصلہ ماسکو کے کریمیا کو ملحق کرنے کے پیش نظر ہوا ہے۔ کریملن کے ترجمان نے روسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ جہاں تک G8 ممالک کے ساتھ روابط کا معاملہ ہے ہم اس کے لئے تیار ہیں ، ہمیں اس سے دلچسپی ہے لیکن دیگر ممالک کی مذاکرات جاری رکھنے سے عدم رضامندی منفی سوچ ہے ۔
اوباما کی یوکرین بحران کے پس منظر میں پیوٹن کے حلیف سے ملاقات
دی ہیگ۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) صدر براک اوباما نے جن کی سفارتی کوششوں کا مرکز ہنوز یوکرین پر مرکوز ہے ، آج روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی حلیف سے ملاقات کی جبکہ ماسکو کو کریمیا میں دراندازی کے مسئلے پر یکا و تنہا کرنے کی مساعی جاری ہے۔ اوباما نے اپنے شیڈول میں لمحہ آخر تبدیلی کرتے ہوئے قازقستان کے صدر نورسلطان نظربائیف سے امریکی ایمبیسی کے لانگ روم میں ملاقات کی جبکہ اُن کے عقب میں دونوں ملکوں کے پرچم لگائے گئے تھے ۔