واشنگٹن، 28نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ارجنٹائنا میں ہونے والے G-20 اجلاس کے دوران دنیا کے کئی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کریں گے ۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے منگل کو اس بات کی اطلاع دی۔محترمہ سینڈرز کے مطابق مسٹر ٹرمپ اس دوران جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، روسی صدر ولادیمیر پوٹن، جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے اور چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات کریں گے ۔ سینڈرز نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے کہا کہ G-20 اجلاس کے دوران صدر اور ہمارا وفد کئی ممالک کے لیڈروں کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے جس میں ارجنٹائنا اور روس کے صدور، جاپان کے وزیر اعظم، جرمنی کی چانسلر اور چین کے صدر شامل ہیں۔امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا کہ امریکی صدر G-20 اجلاس کے دوران ارجنٹائنا، ترکی، جنوبی کوریا اور ہندوستان کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے ۔مسٹر بولٹن نے بتایا کہ مسٹر ٹرمپ، مسٹر آبے اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ایک سہ فریقی اجلاس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔