CCMB کے اشتراک سے فوڈ ۔ ٹیک ریولیوشن سمٹ کا انعقاد

حیدرآباد 26 اگسٹ (سیاست نیوز) بریانی کیلئے مشہور شہر حیدرآباد میں گزشتہ جمعہ کو پہلی مرتبہ فوڈ ۔ ٹیک ریولیوشن سمٹ کا انعقاد عمل میں آیا جس کا اہتمام ہیومن سوسائٹی انٹرنیشنل انڈیا کی جانب سے سی ایس آئی آر سنٹر فار سلیولر اینڈ مالیکیولر بائیولوجی (CCMB) گڈ فوڈ انسٹی ٹیوٹ انڈیا اور اٹل انکوبیشن سنٹر ۔ سی سی ایم بی کے اشتراک سے کیا گیا جس میں مرکزی وزیر منیکا گاندھی نے شرکت کی۔ اس میں ہندوستان میں ’کلین میٹ‘ کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر راکیش مشرا ڈائرکٹر سی ایس آئی آر، سی سی ایم بی نے کہاکہ کلین میٹ ممکن ہے لیکن اس کے لئے بڑے پیمانہ پر ٹیکنالوجی اختراعات کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ سیل کلچر کو لانے کے لئے ٹیکنالوجیز پر توجہ دی جائے۔ حال میں ایچ ایس آئی انڈیا نے سی ایس آئی آر ۔ سی سی ایم بی کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں تاکہ ہندوستان میں کلین میٹ کو فروغ دیا جائے۔ منیکا گاندھی نے میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے اس شعبہ میں ترقی کے لئے حکومت ریسرچ انسٹی ٹیوٹس، انڈسٹریز انٹرپرینئرس کیا کرسکتے ہیں اس پر روشنی ڈالی۔