۔2017ء میں قتل کئے گئے صحافیوں کو خراج عقیدت

واشنگٹن ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) صحافیوں کی جس یادگار کو یہاں ’’نیوزیم‘‘ کے نام سے قائم کیا گیا ہے ان میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے موت کے گھاٹ اتاردیئے جانے والے دو ہندوستانی صحافیوں گوری لنکیش اور سودیپ دتہ بھومک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ’’نیوزیم‘‘ جو میوزیم کی طرز پر قائم کیا گیا ایک ادارہ ہے جو فری پریس کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور ہر سال صحافیوں کے ایک ایسے نمائندہ گروپ کا انتخاب کرتا ہے جن کے نام اس یادگار سے جوڑے گئے ہیں اور جن کی اموات اس بات کی عکاس ہیں کہ حق پرست صحافیوں کو آج دنیا میں کیسے کیسے خطرات کا سامنا ہے جہاں کبھی کبھی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے انہیں اپنی جان بھی گنوانی پڑتی ہے۔ جاریہ سال جن 18 صحافیوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں سے آٹھ خواتین ہیں۔ نیوزیم نے گوری لنکیش کے بارے میں مختصراً بتاتے ہوئے کہاکہ وہ ذات پات اور ہندو بنیاد پرستی کے خلاف اپنے بے باک مضامین کے لئے سارے ہندوستان میں جانی جاتی تھیں۔