900 سالہ قدیم پتھر سے تراشیدہ شاہکار مودی کے حوالے

اوٹاوہ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کھجوراہو منادر سے تعلق رکھنے والا ایک 900 سالہ قدیم شاہکار کو جو پتہ نہیں کس طرح کینیڈا پہنچ گیا تھا ، وزیراعظم کینیڈا اسٹیفن ہاربر نے دورہ پر آئے مہمان وزیراعظم ہند نریندر مودی کو واپس کردیا۔ پتھر سے تراشے گئے اس شاہکار کا نام ’’پیرٹ لیڈی‘‘ ہے جسے 1970 ء کے یونیسکو کنونشن کے مطابق کل ہارپر نے مودی کو واپس کردیا جو کینیڈین پارلیمنٹ لائبریری میں عمل میں آئی جس کا مودی نے ہارپر سے بات چیت کے بعد دورہ کیا تھا۔ دریں اثناء وزارت خارجی اُمور کے ترجمان سید اکبرالدین نے بھی اپنے ٹوئٹر پر اس بات کی توثیق کی۔ پتھر کی اس مورتی میں ایک رقاصہ کو رقص کرتے ہوئے بتایا گیا ہے جس کی پیٹھ پر ایک طوطا بیٹھا ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق نادر پتھر کا شاہکار 2011 ء میں کینیڈا کے ایک شخص کے پاس سے برآمد ہوا تھا تاہم اس تاریخی نوعیت کے شاہکار سے متعلق وہ اطمینان بخش دستاویز اور ثبوت پیش نہیں کرسکا تھا لہذا اُس نادر شاہکار کو ضبط کرلیا گیا تھا۔ بعدازاں کینیڈین حکام نے اپنے ہندوستانی ہم منصبوں سے رابطہ قائم کیا اور اُس کے بعد سے ہی پتھر سے تراشے گئے اس نادر شاہکار کو ہندوستان کو واپس لوٹانے کی بات چیت کا آغاز ہوگیا تھا۔