90سالہ مجاہد آزادی کی 60سالہ خاتون سے شادی

کوذی کوڈ۔/24جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 90سالہ مجاہد آزادی نے ایک 60سالہ آنگن واڑی ٹیچر سے شادی کرلی۔ اے ایس نارائن پلائی نے کہاکہ شادی کا مقصد وہ نہیں ہے جو لوگ سمجھ رہے ہیں۔ میں کوئی نوجوان شخص نہیں ہوں اور نہ ہی اولادکا خواہشمند ۔ مسٹر پلائی آج بھی ایک فعال سماجی کارکن ہیں اور مختلف سماجی معاملات اور تنازعات کے خلاف لڑتے ہیں۔ ویسٹ ہل سب رجسٹرار کے دفتر میں کچھ مہمانوں کی موجودگی میں مسٹر پئی نے رجسٹرڈ شادی کے بعد کہا کہ وہ ایک غریب اور بے سہارا خاتون کو مالی طور پرخودکفیل دیکھنا چاہتے تھے۔ جس کیلئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔ 60سالہ رادھا کوذی کوڈ کی ساکن ہے جبکہ پلائی کی پہلی بیوی کا 1986 میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کے چھ بچے ہیں۔ مسٹر پلائی آل انڈیا فریڈم فائٹرس آرگنائزیشن کی ریاستی یونٹ کے صدر ہیں، اِڈوکی کا تھوڈوپوزا اُن کا آبائی وطن ہے لیکن انہوں نے 42سال قبل ویاناڈمیں سکونت اختیار کرلی تھی۔