حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے شروع کردہ مشن بھگیرتا پروگرام پر تیزی سے عمل آوری جاری ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس ارکان کے سوالات کے جواب میں کے ٹی آر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت 2017 ء کے اختتام تک ہر گھر کو پانی کی سربراہی کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ ابھی تک 49 اسمبلی حلقوں کے 3787 مختلف علاقوں کا اسکیم کے تحت احاطہ کیا گیا ہے اور صاف پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات میں عوام سے جو وعدہ کیا گیا تھا ، اس کے مطابق انتخابات سے قبل پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہیں اور مشن بھگیرتا کے تحت جو نشانہ مقرر کیا گیا ہے، اس کی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم پر کامیاب عمل آوری کیلئے ڈرنکنگ واٹر کارپوریشن قائم کیا گیا جس میں عہدیداروں کے تقررات کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں صاف پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فلوریسیس سے متاثرہ نلگنڈہ ضلع کے علاقوں کو صاف پانی سربراہ کرتے ہوئے اس مسئلہ کا مستقل حل تلاش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرنکنگ واٹر ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں 495 اگزیکیٹیو انجنیئرس کے تقررات کئے گئے اور مزید تقررات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جون تک اسکیم کے تحت بلدی علاقوں کا احاطہ کرلیا جائیگا ۔