نئی پارٹی کا قیام شرد یادو کے زیرغور

پٹنہ ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) کے سینئر لیڈر شرد یادو کے ایک بااعتماد ساتھی نے آج عندیہ دیا کہ وہ بہار کے مہاگٹھ بندھن میں برقرار رہنے کیلئے وہ ایک نئی جماعت قائم کرسکتے ہیں۔ تاہم جے ڈی (یو) کے کلیدی جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے جو خود بھی شرد یادو کے ایک اور بااعتماد ساتھی ہیں، اس قسم کی کسی بھی تجویز کو محض افواہ قرار دیا۔ نتیش کمار کی جانب سے آر جے ڈی اور کانگریس اتحادکو چھوڑ کر بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت تشکیل دیئے جانے کے بعد یادو اور ان کی پارٹی کے صدر (نتیش) کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ جے ڈی (یو) کے ایک سینئر لیڈر اور شرد یادو کے قریبی ساتھی وجئے ورما نے کہا کہ ’’شرد جی اپنے قدیم دوستوں سے ربط میں ہیں اور سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ایک نٹ پارٹی کا قیام بھی کئی متبادل امکانات میں شامل ہے جس پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے‘‘۔ یادو نے دردمندانہ انداز میں کہا تھا کہ وہ سیکولر جماعتوں کے اتحاد میں برقرار رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مادھے پور سے کانگریس کے لیڈر غلام نبی آزاد اور سی پی آئی (ایم) لیڈر سیتارام یچوری سے فون پر بات چیت کی تھی۔ ورما نے کہا کہ شرد یادو نے مرکز کی این ڈی اے حکومت میں بحیثیت وزیر شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔ جے ڈی (یو) کے دو ارکان پارلیمنٹ ویریندر ورما اور انور علی نے اپنی پارٹی کی بی جے پی کے ساتھ مفاہمت کی مخالفت کی تھی۔