پیرس حملہ کے مشتبہ ملزم کی فرانس کو حوالگی کی منظوری

بروسلز ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بلجیم کی عدالت نے آج پیرس حملہ کے کلیدی مشتبہ ملزم صلاح عبدالسلام کو فرانس کی تحویل میں دینے کی منظوری دے دی۔ وکلائے استغاثہ نے کہاکہ تحویل میں دینے کی تاریخ کا تعین ہنوز نہیں کیا گیا ہے۔ بلجیم اور فرانس کے عہدیدار مشترکہ طور پر مزید پیشرفت کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے اور تحویل میں دینے کے عمل کے قواعد و ضوابط کو قطعیت دی جائے گی۔ فرانسیسی نژاد بلجیم کے شہری 26 سالہ صلاح عبدالسلام واحد زندہ مشتبہ ملزم ہیں جنہیں 13 نومبر کو پیرس حملہ کے بعد گرفتار کیا گیاہے۔ ان کی گرفتاری چار ماہ تک فرار رہنے کے بعد 18 مارچ کو بروسلز میں عمل میں آئی تھی۔ پیرس حملہ میں 130 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ عبدالسلام کے وکیل سیڈرک معز نے کہا کہ قبل ازیں ان کے موکل نے فرانس کو حوالگی سے اتفاق کرلیا ہے۔