حیدرآباد میں سی این جی اسٹیشنس میں اضافہ ، وزیر پٹرولیم کا تیقن

حیدرآباد۔/30مارچ، (آئی این این ) مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے حیدرآباد میں سی این جی اسٹیشنس کی تعداد میں اضافہ کا تیقن دیا۔ مرکزی وزیر لیبر بنڈارودتاتریہ نے آج ان سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کیلئے اضافی سی این جی اور سلینڈرس منظور کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشن کی تعداد میں اضافہ اور سی این جی سربراہ کرنے سے شہر میں آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ ورنگل اور کریم نگر اضلاع میں بھی گیس سلینڈرس کیلئے آؤٹ لیٹس منظور کرنے کی انہوں نے خواہش کی۔وزیر پٹرولیم نے حیدرآباد میں سی این جی اسٹیشن کی تعداد میں اضافہ کا مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کو تیقن دیا اور کہا کہ اس ضمن میں بہت جلد اقدامات کئے جائیں گے ۔

 

اے پی ارکان اسمبلی کی تنخواہ میں اضافہ
حیدرآباد۔/30مارچ، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش اسمبلی میں آج ارکان کی تنخواہوں اور دیگر الاؤنسیس میں خاطر خواہ اضافہ سے متعلق بل منظور کرلیا گیا۔ تلنگانہ ارکان اسمبلی کے الاؤنسیس میں اضافہ کے دوسرے دن آندھرا پردیش میں یہ بل منظور کیا گیا جس سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 30,62,31,300 روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔
175رکنی اسمبلی میں اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے صرف ایک رکن  نے اس کی مخالفت کی۔