کشمیر انکاؤنٹر :جیش محمد کے دو عسکریت پسند ہلاک ، فوجی زخمی

سرینگر ۔ /4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جیش محمد کے عسکریت پسند جو سمجھا جاتا ہے کہ پاکستانی تھے آج کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کردیئے گئے ۔ مقتول عسکریت پسندوں کی شناخت بحیثیت سلیم عرف عادل پٹھان اور رحمان عرف برمی کی گئی ۔ یہ انکاؤنٹر اس وقت شروع ہوا جبکہ پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے ضلع پلوامہ کے دیہات ہری کا محاصرہ کرلیا تھا اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی تھی کیونکہ انہیں اس علاقہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی تلاشی مہم جاری تھی کہ روپوش عسکریت پسندوں نے محاصرہ توڑدیا اور فوج پر فائرنگ کردی ۔ اونتی پورہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ارشاد احمد نے کہا کہ مشترکہ پارٹی کی جوابی فائرنگ میں جیش محمد کے دو عسکریت پسند ہلاک اور ہندوستانی فوج کا ایک سپاہی زخمی ہوگیا ۔ جسے دواخانہ منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ عسکریت پسندوں کے پاس سے ایک دستی بم ، چار میگزین اور 80 گولیاں دستیاب ہوئیں ۔

 

گربا میں مسلمانوں کو اجازت نہیں

احمد آباد ۔ /4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دائیں بازو کے انتہاپسند گروپ نے کہا کہ گربا میں مسلمانوں کو شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ لو جہاد کے واقعات کا انسداد ہوسکے ۔ وی ایچ پی کے مقامی صدر رگھوویرسنگھ جڈیجہ نے کہا کہ ہمیں عوام کا اس اپیل پر اچھا ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ اب ہم اس کارروائی کو دیگر علاقوں تک بھی توسیع دیں گے ۔ ابتداء میں یہ اپیل صرف کچھ مانڈوی کے علاقوں سے کی گئی تھی ۔