66 اُردو آفیسرس کے تقررات کیلئے امتحان کا پرامن انعقاد

77 فیصد امیدواروں نے شرکت کی۔ سارا عمل شفاف : اے کے خان کا بیان

حیدرآباد۔20مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے 66 اردو آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے تحریری امتحان کا پر امن انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس امتحان میں77فیصد امیدواروں نے شرکت کی ۔ مشیر برائے اقلیتی امور جناب عبدالقیوم خان نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ان تقررات کے سلسلہ میں منعقدہ امتحانات میں 4518طلبہ نے رجسٹریشن کروایا تھا جن میں 3ہزار 496طلبہ نے شہر کے علاوہ شہر کے اطراف امتحانی مراکز میں منعقدہ امتحان میں شرکت کی ۔جناب اے کے خان نے بتایا کہ گریڈ I کے لئے امتحان کے ساتھ ساتھ انٹرویو بھی لیا جائے گا جبکہ گریڈ II کیلئے صرف امتحان کافی رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان تقررات کا عمل اندرو ن 2ماہ مکمل کرلیا جائے گا۔ اس پریس کانفرنس میں مشیر برائے ریاستی حکومت جناب اے کے خان کے ہمراہ سیکریٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اے شکور بھی موجود تھے۔ جناب اے کے خان نے بتایاکہ امتحان کے انعقاد کے سلسلہ میں مکمل شفافیت برتی گئی ہے اور تمام مراکز پر امتحانات کو پرامن اور بہتر انداز میں منعقد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی درمیانی آدمی کے جھانسہ میں نہ آئیں بلکہ حکومت کی جانب سے یہ عمل مکمل کیا جائے گا کسی کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آج منعقد ہوئے امتحانات کی کلید 21مئی کو جاری کردی جائے گی اور اندرون 4یوم امتحانی پرچوں کی جانچ کا عمل شروع ہوجائے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 66اردو عہدیداروں کی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں آج جملہ 5مراکز پر امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا گیا جن میں نظام کالج‘ وی این آر وگنان جیوتی انسٹیٹیوٹ آف انجنیئرنگ ‘ گوکا راجو رنگا راجو‘ ایم ایل آر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی‘ ملا ریڈی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ ان امتحانی مراکز میں 3ہزار 496امیدواروں نے امتحان تحریر کیا جبکہ جملہ 1022 طلبہ امتحان سے غیر حاضر رہے۔جناب اے کے خان نے بتایا کہ جملہ 4518 طلبہ میں 978ایسے امیدوار ہیں جنہوں نے گریڈ Iاردو آفیسر کے عہدہ کے لئے امتحان تحریر کیا جبکہ مابقی امیدواروں نے گریڈ II اردو آفیسر کیلئے امتحان تحریر کئے ہیں۔ مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی امور جناب اے کے خان نے بتایاکہ ڈائریکٹر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی ڈاکٹر ایس اے شکور کی نگرانی میں عہدیداروں نے امتحانی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔