66 اُردو آفیسرس کے تقررات کی فائیل چیف منسٹر کی منظوری کی منتظر

جے این ٹی یو سے اشتراک، جلد اعلامیہ کی اجرائی : پروفیسر ایس اے شکور

حیدرآباد۔/24 فبروری، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 اردو آفیسرس کے تقررات سے متعلق فائیل چیف منسٹر کی منظوری کی منتظر ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے تقررات کا عمل شروع کرنے کیلئے جے این ٹی یو سے یادداشت مفاہمت کی اور تقررات کا عمل شروع کرنے کی اجازت کیلئے متعلقہ فائیل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پاس روانہ کی گئی ہے۔ چیف منسٹر کی منظوری کے فوری بعد اعلامیہ جاری کردیا جائیگا۔ امتحانات کا انعقاد اور نتائج کے اعلان تک کی تمام ذمہ داری جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی نبھائے گی۔ امتحانات کے سلسلہ میں نصاب اور ماڈل پیپرس تیار کرلئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ چیف منسٹر کی منظوری کے فوری بعد تقررات کا اعلامیہ جاری کردیا جائے گا جس میں درکار قابلیت اور امتحانی مراکز کی تفصیلات درج ہوں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تقررات کا یہ عمل اندرون دو ماہ مکمل کرلیا جائیگا۔ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد امتحانات کے انعقاد تک امیدواروں کو ایک ماہ کا وقت دیا جاتا ہے۔ مذکورہ تقررات کے سلسلہ میں تمام قانونی اُمور کی تکمیل کی جارہی ہے تاکہ کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ حکومت نے اردو آفیسرس گریڈ I کی 6 اور گریڈ II کی 60 جائیدادیں منظور کی ہیں۔ نظم و نسق میں اردو کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ان تقررات کو منظوری دی گئی۔ متحدہ آندھرا اور تلنگانہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی حکومت نے اردو عہدیداروں کے تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں پہلی مرتبہ اتنی تعداد میں تقررات عمل میں آئیں گے۔ اردو اکیڈیمی نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کررہی ہے۔ گریڈ I اردو آفیسرس کو چیف منسٹر اسمبلی، کونسل، جی اے ڈی ،اقلیتی بہبود اور اطلاعات و تعلقات عامہ کے دفاتر میں تعینات کیا جائے گا۔ ان کا پے اسکیل 37100-91450 رہے گا۔ گریڈII اردو آفیسرس کا پے اسکیل 29840-78910 رہے گا۔ یہ عہدیدار چیف منسٹر، تمام کلکٹریٹس، ریاستی وزراء، اسمبلی اسپیکر، کونسل صدرنشین، چیف سکریٹری، جی اے ڈی، ڈی جی پی، کمشنر پولیس اور دیگر اہم دفاتر میں تعینات کئے جائیں گے۔ امیدواروں کی عمر 21 تا44 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ تقررات میں رول آف ریزرویشن پر عمل کیا جائے گا۔ خواتین کیلئے 33 فیصد تحفظات رہیں گے۔ محفوظ زمروں کے تحت امیدوار نہ ملنے کی صورت میں عام زمرے سے بھرتی کی جائے گی۔ گریڈ I عہدیدار کیلئے ریٹرن ٹسٹ اور زبانی ٹسٹ بھی رہے گا جبکہ گریڈ II عہدیدار کیلئے صرف تحریری امتحان ہوگا۔