6290 ہندوستانی شہری غیرملکی جیلوں میں بند

نئی دہلی ۔19مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے 6290 شہری تقریباً 72ممالک میں جیلوں میں بند ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد 1508 شہریوں کی ہے جو سعودی عرب کی جیلوں میں ہیں ۔ منسٹر آف اسٹیٹ اُمور خارجہ وی کے سنگھ نے راجیہ سبھا میں آج ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بیرونی جیلوں میں جملہ 6290 ہندوستانی شہری بشمول ماہی گیر قید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے 20ممالک کے ساتھ سزا یافتہ افراد کی منتقلی کیلئے باہمی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں اور اب تک جملہ 45ہندوستانی شہریوں کو اس معاہدہ کے تحت بیرونی جیلوں سے واپس لایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ 1508ہندوستانی شہری سعودی عرب کی جیلوں میں ہیں ۔ جس کے بعد 785 یو اے ای ‘ 614 نیپال‘ 437 برطانیہ اور 352پاکستان میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں 117 اور بنگلہ دیش میں 223 ہندوستانی قید ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وی کے سنگھ نے بتایا کہ ناگالینڈ اور جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے ہندوستانی شہریوں کا تتکال اسکیم کے تحت پاسپورٹ کیلئے عام طور پر احاطہ نہیں کیا گیا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بعض مخصوص زمروں میں انفرادی طور پر تتکال درخواستیں قبول کی جاتی ہیں۔