600 فوجی مشرقی یورپ روانہ کرنے امریکہ کا اعلان

واشنگٹن ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ دفاع نے 600 فوجی اہلکاروں پر مشتمل دستہ روس سے متصل مشرقی یورپی ریاستوں کو بھجوانے کا اعلان کیا ہے جو وہاں میزبان ملکوں کے فوجیوں کے ساتھ تربیتی مشقیں کریں گے۔ محکمہ دفاع ’پنٹگان‘ کے اعلیٰ ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ امریکی فوجی پولینڈ، لٹویا، لتھوانیا اور ایسٹونیا میں ہونے والی دو طرفہ فوجی مشقوں میں شریک ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق یہ فوجی مشقیں خاص یوکرین کی صورتِ حال کے پیشِ نظر منعقد کی جارہی ہیں اور یہ ان ملکوں کے ساتھ امریکہ کی طے شدہ معمول کی فوجی مشقوں کے علاوہ ہیں۔