نئی دہلی ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج لوک سبھا میں بتایا ہیکہ 3.14 لاکھ دیہاتوں میں محفوظ پینے کے پانی کی سہولت نہیں ہے جس میں 66.000 سے زائد آبادیاں آلودہ پانی استعمال کرتی ہیں۔ دیہی علاقوں میں محفوظ پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر بریندر سنگھ نے کہا کہ 3,14,529 دیہی آبادیوں میں یومیہ فی کس 40 لیٹر سے بھی کم پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ جبکہ 66,093 دیہی آبادیوں میں آلودہ پانی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس پانی میں ارسناک، فلورائیڈ، نائٹریٹ جیسی کیمیائی اجزاء شامل رہتے ہیں اور جن دیہاتوں میں پانی کی قلت پائی جاتی ہے ان کی زمرہ بندی کی جارہی ہے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ سال 2009-10 ء میں قومی دیہی آبرسانی پروگرام کی شروعات کے بعد محفوظ پینے کے پانی کی سہولت میں اضافہ ہوا ہے۔
انکاونٹر میں نکسلائٹ کمانڈر ہلاک
رائے پور ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عسکریت پسند سرگرمیوں سے متاثرہ چھتیس گڑھ کے ضلع کونڈہ گاؤں میں آج ماویسٹوں اور پولیس کے درمیان انکاونٹر میں ایک نکسلی کمانڈر مارا گیا مراد پال پولیس اسٹیشن کے حدود میں متوال گاؤں کے قریب گھنے جنگلات میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس آج صبح کے اولین ساعتوں میں تلاشی مہم پر تھی ۔ ایس پی ضلع کونڈہ گاؤں مسٹر ابھیشک مینا نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ باوثوق ذرائع نے یہ اطلاع ملنے پر کہ خطرناک شدت پسند نکسلائٹس لیڈر متوال کے جنگل آرہے ہیں ۔ اس مقام پر پولیس عملہ کو چوکس کردیا گیا ۔ گاؤں کے قریب پولیس کو دیکھتے ہی مسلح ماویسٹوں کے ایک گروپ نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔