58 نئے میڈیکل کالجوں کو حکومت کی منظوری

نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج ریاستوں میں مرکزی اعانت کے ساتھ اور ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس کو فروغ دیتے ہوئے 58 نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کی تجویز کو منظوری دیدی ،جس کے ساتھ مزید 5,800 ایم بی بی ایس نشستوں کی گنجائش فراہم ہوگی۔ موجودہ طور پر ملک بھر میں لگ بھگ 50,000 ایم بی بی ایس نشستیں پائی جاتی ہیں اور حکومت ان میں اضافہ کیلئے کوشاں ہیں تا کہ ڈاکٹروں کی قلت کا مسئلہ دور ہوسکے۔ کابینی کمیٹی برائے معاشی امور نے موجودہ ضلع یا ریفرل ہاسپٹلس سے ملحق نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کیلئے وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی تجویز منظور کرلی۔ وزیر فینانس پی چدمبرم نے کابینی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مرکزی اعانت کا حصہ 8,457.40 کروڑ روپئے رہے گا اور ریاستوں / مرکزی زیر انتظام علاقوں کا حصہ 2,513.70 کروڑ روپئے رہے گا۔ ایک میڈیکل کالج کے قیام کی جملہ لاگت تقریباً 189کروڑ روپئے ہوتی ہے ۔

خواتین کی حفاظت کیلئے مساعی
حکومت نے آج ملک بھر میں خواتین کی حفاظت کیلئے اقدامات میں شدت پیدا کرتے ہوئے 1,405 کروڑ روپئے کے پراجکٹ کو منظوری دی تا کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر نظر رکھتے ہوئے اس کی نگرانی کی جاسکے اور حکام کو چوکس کرنے کیلئے الارم بٹن فراہم کئے جائیں ۔ وزیر اعظم منموہن سنگھ کی سربراہی میں کابینی اجلاس نے خواتین کی حفاظت سے متعلق نربھئے فنڈ کی تشکیل کے بعد سے یہ پہلا پراجکٹ منظور کیا ہے، جس میں 53 شہروں کیلئے حفاظتی اقدامات کے ساتھ زائد از ایک ملین آبادی کا احاطہ کیا جائے گا۔ دو سال کی مدت میں اس پراجکٹ پر عمل آوری کرتے ہوئے پبلک روڈ ٹرانسپورٹ میں جی پی ایس / سی سی ٹی وی /الارم بٹن نصب کئے جائیں گے۔