56 ممتاز شخصیتوں کو پدم ایوارڈس

نئی دہلی ۔ 26 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج 56 ممتاز شخصیتوں بشمول اداکار پریش راول ، ممتاز ٹینس کھلاڑی لینڈر پیس اور مصنف رسکن باؤنڈ کو پدم ایوارڈ عطا کئے ۔ کرکٹر یوراج سنگھ ، نامور رائٹر انیتا دیسائی اور نامور مصور سنیل داس اس تقریب میں شریک نہیں ہوسکے ۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اداکار پریش راول نے جو بی جے پی ٹکٹ پر احمدآباد ایسٹ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں کہا کہ انھیں بیحد مسرت محسوس ہورہی ہے ۔ یہ ایک باوقار ایوارڈ ہے ۔ صدرجمہوریہ نے آج راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں ایک پدم وبھوشن، 11 پدم بھوشن اور 44 پدم شری ایوارڈس عطا کئے ۔ صدرجمہوریہ کے سکریٹریٹ کے مطابق ممتاز یوگا گرو بی کرشنما چار سندراجہ آئینگر کو پدم وبھوشن عطا کیا گیا اور یہ پدم ایوارڈس میں سب سے باوقار اعزاز ہے ۔