نئی دہلی۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں ڈاکٹروں سے رجوع ہونے والوں میں 50فیصد افراد جنسی یا ذہنی مسائل سے دوچار ہوتے ہیں۔لائبریٹ ہیلت اسکیمپ انڈیا 2015 کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں صحت کے 7بڑے مسائل میں جنسی 32 فیصد ، ذہنی 21فیصد، طرز زندگی 15فیصد، پرہیز اور تغذیہ 13فیصد ، نسوانی امراض 11فیصد، صحت جلد 5فیصد ، صحت اطفال 4فیصد شامل ہیں۔Lybrate جو کہ ہندوستان میں ڈاکٹروں سے آن لائن مشاورت کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے گزشتہ ایک سال کے دوران ڈاکٹروں سے رجوع ہونے والے 50ملین مریضوں کے اعداد و شمار ( ڈاٹا ) تجزیہ کرنے کے بعد یہ نتائج اخذ کئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طرز زندگی میں تبدیلی کی مدد سے بعض پیچیدہ مسائل بالخصوص امراض قلب، ہائپر ٹینشن( شدید ذہنی دباؤ ) کا خطرہ شہروں میں بڑھ گیا ہے۔ تاہم عوام میں یہ شعور بیدار ہوگیا ہیکہ ان خطرات پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر اور غذاؤں کے بارے میں ڈاکٹروں سے مشورہ کررہے ہیں۔
مغویہ پوسٹ مین کی نعش دستیاب
رائے پور ۔ 29 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے شورش زدہ ضلع دانتے واڑہ میں آج ایک 34 سالہ پوسٹ مین کی نعش دستیاب ہوئی جس کا گذشتہ ہفتہ اغواء کرلیا گیا تھا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کملو چن کیشب نے بتایا کہ پوسٹ مین کی نعش کوواکنڈہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پریدوا گاوں کے قریب دستیاب ہوئی جو کہ گذشتہ ہفتہ کیے گئے اغواء کے مقام سے بالکلیہ قریب ہے۔ اطلاع ملتے ہی سیکوریٹی فورسیس نے جائے وقوع پہنچ کر نعش حاصل کرلی ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پوسٹ مین سجیت پوڈیال کا پھولپور میں ہفتہ وار مارکٹ سے اغواء کرلیا گیا تھا ۔ ماویسٹوں کو اس پر پولیس مخبر ہونے کا شبہ تھا ۔۔