نئی دہلی۔ 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پکوان گیاس کے صارفین کو ان کی مرضی اور ضرورت کے مطابق گیاس سربراہ کرنے کی غرض سے سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے سبسڈی شرحوں پر 5 کیلوگرام کے منی پکوان گیاس سیلنڈرس سربراہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اب تک پکوان گیاس صرف گھریلو استعمال کے لئے 14.2 کیلوگرام کے سیلنڈرس میں دستیاب تھی۔ صارفین کو سالانہ 12 سیلنڈرس حاصل کرنے کا اختیار تھا اور دہلی میں فی سیلنڈر 417 روپئے کی قیمت پر سبسڈی شرح کے ساتھ گیاس سربراہ کی جاتی ہے۔ اب منی 5 کیلوگرام کے پیاکس میں بھی سبسڈی شرح پر گیاس سربراہ کی جائے گی جس کی فی سلنڈر قیمت 155 روپئے ہوگی۔ وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے راجیہ سبھا کو مطلع کیا کہ صارفین سبسڈی شرحوں پر سالانہ 5 کیلوگرام کے 34 سلنڈرس حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سے زائد سلنڈرس کی ضرورت پڑنے پر انہیں فی سیلنڈر 351 روپئے مارکٹ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ 14.2 کیلوگرام کے سیلنڈرس کی طرح منی سبسڈیز والے سیلنڈر میں ایل پی جی ڈیلر یا ڈسٹریبیوٹرس کے پاس دستیاب ہوں گے۔