چینائی۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی قومی خلائی ایجنسی اسرو نے کل چار ممالک کے پانچ سیٹلائیٹس سری ہری کوٹہ سے داغنے کی تیاری پوری کرلی ہے۔ تجارتی خطوط پر اس کارروائی کا وزیراعظم نریندر مودی راست مشاہدہ کریں گے۔ ان سیٹلائیٹس کو داغنے کیلئے 49 گھنٹوں کی اُلٹی گنتی اطمینان بخش طور پر جاری ہے اور موبائل سرو ٹاور کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ اسرو کے عہدیداروں نے بتایا کہ مقررہ وقت سے ایک اندازہ کے مطابق 20 منٹ پہلے ہی ایس ایل وی توقع ہے کہ تمام پانچ سیٹلائیٹس کو علیحدہ کردے گا اور یکے بعد دیگرے اسے مدار میں بھیجا جائے گا۔ یہاں سے فرنچ ارتھ آبزرویشن سیٹلائیٹ اسہاٹ 7 جن کا مجموعی وزن 714 کلوگرام ہے، داغا ہے۔ ان میں پی ایس ایل وی C23 کے ذریعہ 14 کیلو وزنی AISAT جرمنی اور کینیڈا کے فی کس 15 کیلووزنی دو اور سنگاپور کا 7 کیلو وزنی ایک سیٹلائیٹ داغا جائے گا۔ یہ پانچ سیٹلائیٹس اِسرو کے کمرشیل شعبہ کی جانب سے متعلقہ ممالک کے ساتھ طئے پائے معاہدوں کے تحت داغے جارہے ہیں۔ اسے پروگرام کے مطابق 9.52 بجے صبح داغا جارہا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی اس کا مشاہدہ کرنے سری ہری کوٹہ پہنچ رہے ہیں۔ وزیراعظم بننے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہوگا۔