بیجنگ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ایک کروز بحری جہاز جس میں 450 سے زیادہ افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر عمر رسیدہ تھے سمندری طوفان کی وجہ سے ایشیاء کے طویل ترین دریاء یانگژی میں جو چین میں واقع ہے اُلٹ گیا ۔ بچاو کارکنوں نے آج گذرتے وقت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے سینکڑوں لاپتہ افراد کا پتہ چلانے کی کوشش کی ۔ انہیں پانچ نعشیں پہلے ہی دستیاب ہوچکی ہیں باقی افراد کو لاپتہ قرار دیا گیا ہے ۔ بحری جہاز ایسٹرن اسٹار مشرقی چین کے شہر نانجنگ سے 1:15 بجے دوپہر روانہ ہوا تھا اور دریاء کے بالائی حصہ چونگنگ بلدی علاقہ میں سفر کررہا تھا جبکہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ صرف ایک یا دو منٹ میں موسمی صورتحال خطرناک ہوگئی اور بحری جہاز جیان لی کے علاقہ میں اُلٹ گیا ۔ تاحال 12 افراد کو بچایا گیا ہے ۔ پانچ افراد کی نعشیں دستیاب ہوچکی ہیںجبکہ باقی کو لاپتہ قرار دیا گیا ہے ۔ دریا 6300 کیلو میٹر طویل ہے اور بحری جہاز میں 458 افراد سوار تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اس سانحہ پر اظہار رنج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بحری جہاز کے دریائے یانگژی میں غرق ہوجانے کے سانحہ سے شددید صدمہ پہنچا ۔