43 ہزار کروڑ روپئے کی نجی کاری

نئی دہلی ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے نجی کاری مہم کا بڑے پیمانے پر آغاز کرتے ہوئے کول انڈیا، او این جی سی اور این ایچ پی سی میں حصص کی فروخت کو منظوری دے دی ہے جس سے حکومت کو 43 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی۔ کابینی کمیٹی برائے معاشی امور نے آج منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سی آئی ایل، او این جی سی اور این ایچ پی سی کے حصص کی موجودہ مارکٹ قیمت سے فروخت کے نتیجہ میں بالترتیب 23 ہزارکروڑ ، 18 ہزار کروڑ اور 2 ہزار 800 کروڑ روپئے حاصل ہوں گے۔ اس فیصلہ سے حکومت کے جاریہ مالیتی سال 43,425 کروڑ روپئے کی نجی کاری کے نشانہ میں پورا کرنے میں مدد ملے گی۔