امریکہ ، کنیڈا ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک شامل
نئی دہلی 8 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے 40 مزید ممالک بشمول امریکہ ‘ برطانیہ ‘ برازیل ‘ جرمنی ‘ کینیڈا اور آسٹریلیا کیلئے آمد پر سیاحت ویزا عنقریب ایک حقیقت بن جائے گی کیونکہ وزارت داخلہ کی جانب سے اس تجویز کو بہت جلد منظوری مل جانے کی توقع ہے ۔ وزیر منصوبہ بندی راجیو شکلا نے بتایا کہ 40 مزید ممالک کے شہریوں کو آمد پر سیاحتی ویزا کی فراہمی کو بہت جلد وزارت داخلہ کی منظوری متوقع ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ دیگر تمام وزارتوں سے اس تجویز کو پہلے کی منظوری مل چکی ہے اور اب صرف وزارت داخلہ کی رضامندی درکار ہے جو آخری اور قطعی ہوگی ۔
انھوں نے بتایا کہ جن ممالک کو آمد پر ویزا کی سہولت مہیا کی جارہی ہے ان میں یو اے ای ‘ سعودی عرب ‘ فرانس ‘ اٹلی ‘ سویڈن ‘ نیدرلینڈ ‘ سوئزرلینڈ ‘ اسپین ‘ بلجیم ‘ آسٹریا ‘ ڈنمارک ‘ پولینڈ ‘ ناروے اور آئرلینڈ شامل ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ آمد پر ویزا سسٹم کے تحت ہندوستان نے مختلف ممالک بشمول جاپان ‘ فن لینڈ ‘ سنگاپور ‘ انڈونیشیا ‘ لکثمبرگ ‘ نیوزی لینڈ ‘ کمبوڈیا ‘ ویتنام ‘ فلپائن ‘ لاوس اور میانمار کے ساتھ معاہدے کئے ہیں ۔ منصوبہ بندی کمیشن نے گزشتہ سال ہندوستان کو موافق سیاح ملک بنانے کے لئے مختلف اقدامات کا آغاز کیا تھا‘ جن میں آن لائن ویزا کو مزید سہولت بخش بنانا اور سینئر سٹیزنس غیر ملکی شہریوں کو راغب کرنا شامل ہیں ۔