نئی دہلی۔/8اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) سنٹرل حج کمیٹی نے خواتین کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے انہیں فریضہ حج کی ادائیگی سے باز رکھا ہے۔ کمیٹی کے جاری کردہ ہدایات کے مطابق جن خواتین کا درخواست فارم داخل کرتے وقت حمل ٹہر گیا ہو اور ماہ سپٹمبر میں یہ حمل 4ماہ کی تکمیل کو پہنچا ہو انہیں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اجازت نہیں رہے گی۔ اگر حاملہ خواتین اس حقیقت کو پوشیدہ رکھتے ہوئے حج کیلئے روانہ ہونے کی کوشش کریں گی تو انہیں طیارہ سے اُتار دیا جائے گا۔ سکریٹری حج سیوا سمیتی بریلی جناب ناظم بیگ نے بتایا کہ جو خواتین فریضہ حج کیلئے روانگی کی خواہشمند ہیں انہیں طمانیت کرلینا چاہیئے کہ پرواز ( روانگی ) کے وقت ان کے حمل کے 4ماہ مکمل نہیں ہوئے ہیں۔ بصورت دیگر انہیں سفر حج سے محروم کردیا جائے گا۔ چیف اکزیکیٹو کمیٹی رکن سنٹرل حج کمیٹی جناب عطاء الرحمن نے بتایا کہ مذکورہ شرائط کی تکمیل نہ کرنے والی خواتین اپنی رقومات واپس لیتے ہوئے نشستیں منسوخ کرواسکتے ہیں۔