37 پاکستانی قیدیوں کی رہائی ہوگی

اسلام آباد، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان 37 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ اور ان قیدیوں کو واگھا بارڈر پر پاکستانی رینجرز حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 151 ہندوستانی قیدیوں کو چند روز قبل رہا کر کے واگھا بارڈر پر ہندوستانی سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا تھا جس پر ہندوستان نے بدلے میں 37 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشرف کا ای سی ایل سے نام نکالنے پر کل عدالتی فیصلہ
کراچی ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر سے نکالنے کی درخواست پر اپنا فیصلہ 31 مئی تک محفوظ کر لیا ہے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق آج منعقدہ سماعت میں اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل مکمل کئے۔ اس کے بعد عدالت نے درخواست پر ہفتہ تک فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سماعت کے بعد مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے میڈیا کو بتایا کہ میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کے موکل کی ریڈھ کی ہڈی میں فریکچر ہے جس کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا۔