نئی دہلی ۔ /26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کو امید ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں جی ایس ٹی بل کو منظور کروانے میں کامیاب رہے گی ۔ اس نے ادعا کیا ہے کہ جملہ 32 کے منجملہ 30 سیاسی جماعتوں نے اس بل کی تائید کی ہے ۔ حکومت کو اس بل کی راجیہ سبھا میں منظوری کیلئے کانگریس کے جواب کا انتظار ہے ۔ حکومت چاہتی ہے کہ وہ اس بل کو منظور کروانے کیلئے تمام جماعتوں کی تائید درکار ہے ۔ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس بل کو منظور کروایا جائے ۔ عوام کا موڈ اس بل کے حق میں بالکلیہ یکطرفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کے ساتھ کانگریس کے لوک سبھا و راجیہ سبھا کے قائدین ملکارجن کھرگے اور غلام نبی آزاد سے بات چیت کی ہے ۔ یہ بات چیت کل منعقدہ کل جماعتی اجلاس کے بعد ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی بل پر دونوں قائدین کے ساتھ زیر غور رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے بیشتر حصہ پر تبادلہ خیال کیا جاچکا ہے ۔ ان قائدین نے جواب دیا ہے کہ وہ پارٹی قیادت سے بات چیت کے بعد حکومت کو اس کے موقف سے واقف کروائیں گے ۔ نائیڈو نے ادعا کیا کہ کل جماعتی اجلاس میں جن 32 جماعتوں نے شرکت کی تھی ان کے منجملہ 30 جماعتوں نے جی ایس ٹی بل کی تائید کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی اور این سی پی جاریہ پارلیمانی سشن میں اس کی منظوری کیلئے تائید کا اعلان کیا تھا ۔