لاہور۔ 22؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ کم از کم 30 پاکستانی اسکولی طلبہ ان کے اسکول میں نصب جنریٹر سے زہریلی گیس کے اخراج کے بعد بے ہوش ہوگئے۔ 100 طلبہ ایک خانگی اسکول کے تہہ خانے میں موجود تھے جو گنجان آباد علاقہ مغل پورہ میں واقع ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ اسکول کے انتظامیہ نے بعض طلبہ کی وداعی پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ طلبہ کا ایک گروپ اسکیٹنگ کا مظاہرہ کررہا تھا جب کہ تہہ خانے میں برقی توانائی کے ایک جنریٹر سے خارج ہونے والا دھواں داخل ہوا۔ 32 طلبہ جن میں سے آدھی تعداد طالبات کی تھی، بے ہوش ہوکر گرگئے جب کہ باقی اس مقام سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ بے ہوش بچوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ لاہور پولیس کے ترجمان نیاب حیدر نے کہا کہ پولیس نے اسکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کے مالک اور پرنسپل کو گرفتار کرلیا ہے۔