3 سالہ بچے کو زدوکوب کرنے والی ٹیوٹر ہنوز فرار

کولکتہ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پولیس شہر کے اطراف و اکناف میں اس خاتون ٹیوٹر کو تلاش کررہی ہے جس نے 3 سالہ طالبعلم کو بے رحمی سے پیٹا جسے کیمرے کی آنکھ نے قید کرلیا ہے۔ دریں اثناء لیک ٹاون پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج اشوک سین نے کہا کہ ابتک مفرور ٹیوٹر کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے اور اس کی تلاش کولکتہ کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے کو پڑھانے کیلئے مقرر کئے جانے وقت اس نے بچے کے والدین کو اپنا جو رہائشی پتہ دیا تھا وہ فرضی ثابت ہوا ۔ ہم اس کے موبائیل فون کا پتہ لگانے کی کوشش کرسکتے ہیں اور توقع ہے کہ اسے جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ دوسری طرف ریاستی وزیر برائے بہبودگی خواتین و اطفال ششی پانجہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی اطلاع وزیر اعلی ممتا بنرجی کو بھی دی گئی ہے ۔ یہ واقعہ کل اس وقت منظر عام پر آیا جب سی سی ٹی وی فوٹیج کے مشاہدہ سے پتہ چلا کہ ٹیوٹر کمسن طالب علم کو بے تحاشہ پیٹ رہی ہے ۔