بال گھر ( مہاراشٹرا )۔/28اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) یہاں پیش آئے ایک واقعہ میں پولیس نے خانگی اسکول کے دو ٹیچرس کو گرفتار کرلیا ہے جن پر اسکول کے تین طلبہ کو سخت سزا دیتے ہوئے مبینہ طور پر انہیں خودکشی کیلئے مجبور کردینے کا الزام ہے۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ ویرار پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سنیل نے بتایا کہ وگدی گروکل انٹر نیشنل اسکول کے دو اساتذہ 32سالہ ریپو سدن شوکمار گردھ اور 26سالہ سندیپ جاتیہ پلوا کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جن کی آج صبح گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 14سال کے تین طلبہ جو 9ویں کلاس کے طلبہ تھے، کی نعشیں اسکول کے عقب میں واقع ندی کے پاس دستیاب ہوئی تھیں۔ مذکورہ متوفی طلبہ کے والد نے الزام عائد کیا کہ یہ تین طلبہ ان دیگر طلبہ میں شامل تھے جنہیں کلاس میں ناقص مظاہرہ کرنے کی وجہ سے ٹیچر نے چھڑی سے بری طرح پیٹا تھا۔ جس کے بعد ان طلبہ نے سزا سے بچنے کیلئے اسکول کی دیوار پھاند کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے قبل ازیں تینوں طلبہ کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔ تاہم گذشتہ روز بڑے پیمانے پر تلاشی کے بعد تینوں طلبہ کی نعشیں مذکورہ ندی میں تیرتی ہوئی دستیاب ہوئیں۔