2Gاسکام : راجا ‘کنی موزی اور دیگر کی آج عدالت میں حاضری

نئی دہلی۔25مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق ٹیلی کام وزیراے راجا‘ ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کنی موزی اور ڈی ایم کے سربراہ کروناندھی کی اہلیہ دیالو امل کے علاوہ 16دیگر ملزمین کل 2Gاسکام مقدمہ کے سلسلہ میں خصوصی عدالت میںحاضری ہوں گے ۔ 19ملزمین جن میں 10انفرادی اور 9فرمس شامل ہیں کل خصوصی سی بی آئی جج او پی سائنی کے روبرو پیش ہونے والے ہیں ۔ انہوں نے 2مئی کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں دائر کردہ چارج شیٹ کی بنیاد پر ان تمام کو حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ عدالت نے تمام ملزمین کو سمن جاری کرتے ہوئے 26مئی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی اور کہا کہ ان کے خلاف خاطرخواہ مواد پایا جاتا ہے جس کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 25اپریل کو رقمی خردبرد مقدمہ میں ان تمام 19ملزمین کے خلاف چارج شیٹ پیش کی تھی ۔ اے راجا ‘ کنی موزی اور دیالوامل کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے سوان ٹیلی کام پرائیوٹ لمٹیڈ کے پروموٹرس شاہد عثمان بلوا اور ونود گوینکا کو بھی ملزمین میں شامل کیاہے ۔

کیوسی گاؤں فروٹس اینڈ ویجٹیبلس پرائیوٹ لمٹیڈ کے ڈائرکٹرس آصف بلوا اور راجیو اگروال کے علاوہ بالی ووڈ پروڈیوسر کریم مورانی‘ پی امیرتھم اور کلیگنار ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر شردکمار بھی ملزمین کی فہرست میںشامل ہیں ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے اس مقدمہ کی تحقیقات کی اور یہ پتہ چلا کہ ملزمین نے مبینہ طور پر رقمی خردبرد ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ایجنسی نے یہ دعویٰ کیا کہ 200کروڑ روپئے کی رقمی معاملت جو مبینہ طور پر ڈی ایم کے کی جانب سے چلائے جارہے کلیگنار ٹی وی کو دیئے گئے ‘ اس میں کئی بے قاعدگیوں کا ارتکاب ہوا ہے ۔ یہ رقم دراصل ڈی بی گروپ کمپنیوں کو ٹیلی کام لائسنس کی منظوری کیلئے بطور رشوت دی گئی ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اُس وقت کے وزیر ٹیلی کام راجا نے 2Gلائسنس محتص کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔