نئی دہلی 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ ‘ اسرائیل اور فلسطین کے بشمول جملہ 28 ممالک کے شہریوں کیلئے 27 نومبر سے الیکٹرانک ویزا کی سہولت کا آغاز کیا جائیگا ۔ جملہ 28 ممالک کے شہریوں کیلئے ای ویزا سہولت کا وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ وزیر سیاحت مہیش شرما کے ساتھ ایک خصوصی تقریب میں 27 نومبر کو آغاز کرینگے ۔ وزارت سیاحت کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ فی الحال جملہ 13 ممالک کو ای ویزا سہولت دستیاب ہے ۔ پہلے مرحلہ میں جن ممالک کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے ان میں روس ‘ برازیل ‘ جرمنی ‘ تھائی لینڈ ‘ متحدہ عرب امارات ‘ یوکرین ‘ اردن ‘ ناروے اور ماریشس شامل ہیں۔ عہدیدار مذکور نے کہا کہ اس سسٹم کیلئے سافٹ ویر اور دیگر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں
اور دہلی ‘ ممبئی ‘ چینائی ‘ کولکتہ ‘ حیدرآباد ‘ بنگلورو ‘ کوچی ‘ تھرواننتا پورم اور گوا کے بشمول 9 انٹرنیشنل ائرپورٹس پر انہیں کارکرد بھی بنادیا گیا ہے ۔ ای ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند کو مخصوص ویب سائیٹ پر درکار فیس کے ساتھ اپلائی کرنا ہوگا ۔ انہیں اندرون 96 گھنٹے ویزا کی الیکٹرانک نقل فراہم کردی جائیگی ۔ حکومت کے فیصلے کے تحت آئندہ دو سال میں تقریبا تمام ممالک کو سوائے چند ایک ممالک کے الیکٹرانک ویزا فہرست میں شامل کرلیا جائیگا ۔ پاکستان ‘ سوڈان ‘ افغانستان ‘ ایران ‘ عراق ‘ نائیجیریا ‘ سری لنکا اور صومالیہ کو چھوڑ کر تقریبا 180 ممالک کو ای ویزا سہولت کے زمرہ میں شامل کرلیا جائیگا ۔ عہدیدار مذکور نے بتایا کہ ای ویزا سے امکان ہے کہ ہندوستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا ۔