26 این جی اوز اور 14 عطیہ دہندگان کیخلاف کارروائی

نئی دہلی 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے جاریہ مالی سال میں 26 این جی اوز اور 14 غیر ملکی عطیہ دہندگان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے کیونکہ وہ بے قاعدگیوں کے مرتکب پائے گئے تھے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے لوک سبھا میں کہاکہ ایک مخصوص غیر ملکی عطیہ دہندہ نے غلط معلومات فراہم کی تھیں۔ بینکوں کو آر بی آئی کے ذریعہ اطلاع دے دی گئی ہے کہ حاصل ہونے والی رقومات اکاؤنٹ میں جمع کرنے سے پہلے حکومت سے اجازت حاصل کی جائے۔ رجیجو نے کہاکہ جب بھی غیر ملکی چندہ کی وصولی اور اِس کے استعمال کی اطلاع وصول ہو تو ریکارڈس اور اکاؤنٹس کا جو این جی اوز کے ہیں، جائزہ لیا جائے گا۔ تاکہ قانون فیرا کی کسی بھی خلاف ورزی کا پتہ چلایا جاسکے۔ جاریہ مالی سال ایسا ہی جائزہ لیا گیا تھا اور 26 ایسی این جی اوز کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔