کینیڈا ۔ /28 جون (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا میں ایک شہری کو 6 ماہ تک گھر میں نظر بند رکھنے کی سزاء سنائی گئی ہے اور ساتھ ہی ساتھ 150 گھنٹوں تک کمیونٹی کیلئے خدمات انجام دینے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ اس شہری کو اس وجہ سے سزاء سنائی گئی ہے کیونکہ اس کے پاس 24 بیویاں 149 بچے ہیں ۔ اسی طرح کے ایک اور کیس میں ایک دوسرے شخص کو بھی تین ماہ تک گھر میں نظر بند رہنے کی سزاء سنائی گئی ہے ۔ اس شخص کے پاس پانچ بیویاں ہیں ۔ علاوہ ازیں اس کو بھی 75 گھنٹے کمیونٹی کیلئے خدمات انجام دینی ہوں گی ۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ آف برٹش کولمبیا نے ایک سے زائد بیویاں رکھنے کے جرم میں ونسٹن بلیک مور اور جیمز اولڈر کو سزاء سنائی ہے۔ جسٹس شیری این ڈونگن کا کہنا تھا کہ جب یہ دونوں مرد سخت محنت کریں گے اور قانون کو مانیں گے تب ہی ان کی رہائی ممکن ہوسکے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے کچھ بیویوں کی عمر شادی کے وقت 15 سال سے کم تھی ۔