22 مفرور ملزمین کی گرفتاری کیلئے انعام کا اعلان

مظفرنگر۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ برس ہوئے مظفر نگر فسادات میں پھوگانا اور لنک دیہات میں 6 اجتماعی عصمت ریزی کے مقدمات میں ماخوذ 22 مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لئے پولیس نے 2,500 روپئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے جو ان ملزمین کے متعلق کوئی اطلاع فراہم کرے۔ ایس ایس پی مسٹر ایچ این سنگھ نے کہا ہے کہ اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ کے بعد سے یہ 22 ملزمین مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لئے جو کوئی اطلاع فراہم کرے گا، اسے 2,500 روپئے نقد انعام دیا جائے گا۔ گزشتہ برس ہوئے فسادات کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی (اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم) نے اجتماعی عصمت ریزی کے 6 واقعات میں 25 ملزمین کی شناخت کی ہے۔ واضح رہے کہ 6 خواتین نے پولیس میں شکایت کی تھی کہ فسادات کے دوران ان کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی اور ان کے گھروں کو نذرآتش کردیا گیا۔ ایس آئی ٹی انسپکٹر مالا یادو کے بموجب صرف تین ملزمین کی شناخت وید پال، راکھی اور مہیشویر کے طور پر کی گئی ہے اور انہیں گرفتار بھی کیا گیا ہے جبکہ ان اجتماعی عصمت ریزی میں ملوث دیگر 22 ملزمین ہنوز مفرور ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف فسادات میں تقریباً 800 ملزمین کی شناخت کی گئی ہے جوکہ ضلع میں رونما ہونے والے فسادات میں ملوث ہیں۔