دہرہ دون 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 1992 کے مہندرا سنگھ بھٹی قتل کیس میں اتر پردیش کے متنازعہ سیاستداں ڈی پی یادو اور دیگر 3 کو سزائے قید سنائی ہے۔ سزا کی مدت کا اعلان کرتے ہوئے سی بی آئی کے خصوصی جج امیت کمار نے اس کیس میں تمام 4 ملزمین کو سزائے عمر قید سنائی اور ہر ایک ملزم پر ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔ ڈی پی یادو کے وکیل رویندر بھنڈاری نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ سی بی آئی عدالت کے فیصلہ کے خلاف بہت جلد اتر کھنڈ ہائی کورٹ میں ایک اپیل پیش کی جائے گی جبکہ 22 سال قدیم کیس میں یادو کے خلاف پال سنگھ‘ کرن یادو ار پرنیت بھٹی کو سزاء دی گئی ہے عدالت نے 28 فبروری کو اس کیس میں ان افراد کو مجرم قرار دیا تھا اور آج سزاء کی مدت تعین کی گئی ہے۔ڈی پی یادو عدالت میں کل ہی خودسپرد ہوگئے تھے انہیں فی الفور دہرہ دون کی جیل بھیج دیا گیا۔ سی بی آئی کی عدالت نے 28 فبروری کو عدالت میں طبی بنیاد پر حاضر ہونے پر ڈی پی یادو کے خلاف وارنٹ جاری کیا تھا۔ مہندر سنگھ بھٹی‘ غازی آباد میں دادری حلقہ کے رکن اسمبلی تھے ڈسمبر 1992 کو داوردی ریلوے کراسنگ پر گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس کیس میں 7 افراد بشمول یادو کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی تھی جس میں 3 ملزمین طویل مقدمہ بازی کے دوران موت واقع ہوگئی ۔ اتر پردیش میں اس کیس کی سماعت آزاد و منصفانہ ہونے پر شبہ ظاہر کرنے کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت رپ سال 2000 میں سی بی آئی دہرہ دون کو یہ کیس منتقل کردیا گیا تھاکیونکہ ڈی پی یادو کا اس ریاست میں زبردست اثر و رسوخ پایا جاتا ہے۔