2017 ء محکمہ ریلوے کے لیے اتھل پتھل کا سال

کئی خطرناک حادثات کے باوجود خدمات اور سہولتوں میں کٹوتی لمحہ فکر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : ہندوستانی ریلوے کے لیے یہ سال اتھل پتھل رہا ، سال کے دوران ریل حادثات کے ساتھ ہی حکومت کے انتظامی طریقہ کار میں بدلاؤ بھی ہوئے ۔ نریندر مودی حکومت کے پہلے وزیر ریلوے سریش پربھو کو لگاتار ریل حادثات کے سبب استعفیٰ دینا پڑا ۔ اس کے ساتھ ہی ریلوے بورڈ نے عہدیداروں کو ملنے والی کئی سہولتوں میں بھی کٹوتی کی ، حالانکہ اعداد و شمار کی بنیاد پر اس سال ریل حادثات میں گذشتہ سال کی بہ نسبت کمی آئی ، ہندوستانی محکمہ ریل کے ذریعہ دئیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2016-17 کے دوران 78 ریل حادثات ہوئی تھیں ۔ جب کہ 2017-18 کے پہلے آٹھ مہینے میں 37 حادثات ہوئیں ۔ جاریہ مالی سال میں نومبر تک 49 نہایت خطرناک حادثات ہوئے ۔ جب کہ 2016-17 میں 104 حادثات اور 2015-16 میں 107 نہایت خطرناک حادثات ہوئے تھے ۔ اترپردیش کے مظفر نگر ضلع کے کھتولی کے پاس کلنگ ایکسپریس کا پٹری سے اترنا اس سال کا سب سے بڑا ریل حادثہ رہا ، اس حادثہ میں 23 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 156 لوگ زخمی ہوگئے تھے ۔ اس سال ابھی تک ریل حادثات میں جملہ 48 افراد کی جانیں گئی ہیں ۔ جب کہ 2016 میں مرنے والوں کی تعداد 238 تھیں جب کہ 607 لوگ زخمی ہوگئے تھے ۔ متعلقہ وزارت نے آنے والے دنوں میں حادثات کم کرنے کے لیے پٹریوں کی تیزی سے مرمت ، پٹریوں میں خرابی کی جانچ کے لیے الٹرا سونک راستہ کا استعمال ، ٹرین سے متعلق تحفظ اور چوکسی اور ٹرینوں کے ٹکراؤ کو روکنے والے ترقیاتی کام بھی کئے گئے ۔ محکمہ ریلوے نے اس سال متعلقہ عہدیداروں کو بھی زیادہ تقویت پہنچائی ۔ نئے وزیر ریلوے پیوش گوئل نے فیصلہ لینے کی قوت میں تیزی لانے کے لیے اعلیٰ عہدیداروں کو مالی اور انتظامی اختیارات دیں ۔ سینئیر عہدیداروں کو یہ طاقت بھی دی گئی کہ وہ تحفظ اور دیکھ بھال کے کاموں کی نگرانی کے لیے 65 سال تک کے پرانے ملازمین کی پھر سے خدمات لے سکیں ۔ یہ سال عہدیداروں کی خدمات میں کٹوتی کا بھی رہا ۔ ریلوے بورڈ نے گذشتہ مہینے ملازمین کی تعداد میں 40 فیصد کی کٹوتی کرنے اور مختلف ریلوے زون میں 200 ایسے عہدوں کی نشاندہی کی گئی تھی جہاں بورڈ میں تعینات عہدیداروں کو مقامی حد تک محدود کیا جاسکے ۔ وزارت ریلوے نے اپنے عہدیداروں کو ایکزیکٹیو کلاس میں سفر کرنے کے بجائے سلیپر اور تھرڈ اے سی کلاس میں سفر کرنے کو کہا ، اس کے علاوہ بڑے عہدیداروں کو کہا گیا کہ اپنے گھروں میں گھریلو کاموں کے لیے تعینات سبھی ریلوے ملازمین کو بھی یہاں سے ہٹائیں ۔۔
آر بی آئی کے آفس اٹنڈٹ کا امتحان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آر بی آئی کے آفس اٹنڈٹ کا امتحان 6 جنوری کو رکھا گیا ہے ۔ جو آن لائن کمپیوٹر پر ہوگا ۔ ذہنی رجحان ، جنرل نالج ، ابتدائی ریاضی اور انگلش کے 30 ، 30 سوالات ہوں گے اور 120 سوالات کے 120 نشانات کیلئے وقت صرف 90 منٹ رہے گا ۔ غلط جواب پر 1/4 منفی مارکس رہیں گے۔ امیدوار اپنے ہال ٹکٹ ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈ کریں ۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس سے ماڈل پیپرس حاصل کرسکتے ہیں ۔۔