2016 کے پدما ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کی طلبی

نئی دہلی ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اہم شخصیتوں کو سال 2016 میں پدما ایوارڈز سے سرفراز کرنے کا عمل آج شروع ہوگیا جبکہ وزارت داخلہ نے اعلی ترین سیویلین اعزازت کیلئے مختلف زمروں میں نام طلب کئے ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سال 2016 کے پدما ایوارڈز کیلئے نامزدگیاں وصول کرنے کی آخری تاریخ 5 ستمبر 2015 ہے ۔ یہ ایوارڈز منفرد خدمات اور بے مثال کامیابیوں کیلئے مختلف زمروں میں دیا جاتا ہے جن میں ادب ‘ خدمات ‘ تعلیم ‘ اسپورٹس ‘ طب ‘ سماجی خدمات ‘ سائینس و انجینئرنگ ‘ عوامی امور ‘ عوامی خدمات ‘ تجارت و صنعت شامل ہیں۔ نام داخل کرنے کیلئے ایک پروفارما تیار کیا گیا ہے جو وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہے اور ایک سپاس نامہ پیش کرنا ہوگا جس میں زیادہ سے زیادہ 800 الفاظ شامل ہونے چاہئیں۔ سرکاری ملازمین کے سوا تمام افراد بلا کسی نسل ‘ پیشہ ‘ موقف یا جنس کے ان ایوارڈز کے اہل ہیں۔ یہ قدیم روایت ہے کہ مرکزی حکومت پدما ایوارڈز کی پیشکشی کیلئے ہر سال تمام ریاستی حکومتوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں ‘ وزارتوں اور مرکزی حکومت کے محکمہ جات سے نامزدگیاں طلب کرتی ہے ۔ مرکزی وزرا ‘ چیف منسٹرس ‘ گورنرس اور ارکان پارلیمنٹ اہم شخصیات کے نام پیش کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے خود اپنا نام بھی پیش کیا جاسکتا ہے ۔ ان نامزدگیوں کو پھر وزارت داخلہ کی جانب سے پدما ایوارڈز کمیٹی سے رجوع کیا جاتا ہے جسے ہر سال وزیر اعظم تشکیل دیتے ہیں۔