نئی دہلی 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی معیشت امکان ہے کہ سال 2014 – 15 کے دوران 5.6 فیصد کی شرح سے ترقی کریگی حالانکہ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے جاریہ سال شرح سود میں کسی طرح کی کمی کا امکان نہیں ہے ۔ فکی کے ایک تازہ ترین معاشی سروے میں یہ بات کہی گئی ہے ۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت کی جانب سے ترقی کو بہتربنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکمرانی کے نتیجہ میں مثبت پالیسی اشارے ملے ہیں۔ یہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ سرمایہ کار ایک بار پھر ملک میں واپسی کر رہے ہیں اور یہ محاذ بتدریج تیزی لا رہا ہے ۔ سروے میں حصہ لینے والے ماہرین کا یہ بھی احساس تھا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے آئندہ سال کے پہلے سہ ماہی ہی میں شرح سود میں کمی پر غور کیا جاسکتا ہے کیونکہ ابھی بھی افراط زر کی شرح میں قابل لحاظ کمی نہیں آئی ہے ۔ قیاس کیا جارہا ہے کہ جاریہ اقتصادی سال میں ریٹیل افراط زر کی شرح 7.8 فیصد تک ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔