نیویارک 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ سال 2014 ء میں 56.4 ملین سیاحوں نے نیویارک کا دورہ کیا کیونکہ نیو یارک اپنی ہمہ جہتی ثقافت ،جرائم کی کم شرح اور اپنی بے باکی کیلئے سیاحوں کا مقبول ترین شہر قرار دیا گیا ہے لہذا لازمی بات ہے کہ سیاحت کے شعبہ کو خاطر خواہ آمدنی بھی ہوئی ہوگی۔ اعداد و شمار کے مطابق سیاحت سے امریکہ کے خزانے میں 61.3 بلین ڈالرس کا اضافہ ہوا ۔ 2013 میں سیاحوں کا تناسب 54.3 ملین تھا اور یہ بھی ایک عجیب اتفاق ہے کہ 2009 ء سے نیو یارک کی سیر کرنے والے سیاحوں کے تناسب میں ہر گزرنے والے سال کے ساتھ اضافہ ہی نوٹ کیا جارہا ہے ۔ 42 ملین سیاح برطانیہ، کینیڈا ، فرانس ،چین ،آسٹریلیا اور جرمنی سے یہاں پہنچے ۔ کہا جاتا ہے کہ ان ممالک سے سیاحوں کا نیو یارک آنا معمول کی بات ہے ۔ نیو یارک کے میئر ڈی بلاسیو نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ نیو یارک میں جرائم بہت کم ہوتے ہیں ۔