مظفرنگر ، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے یہاں ستمبر 2013ء میں پیش آئے فسادات کے دوران ایک ریپ کیس کے سلسلے میں پانچ ملزمین کو اس معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی کیس کو بند کردینے کی رپورٹ مسترد کردینے کے بعد سمن جاری کردیئے ہیں۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نریندر کمار نے کل ہدایت دی کہ پانچ ملزمین اس گینگ ریپ کیس کے سلسلے میں 3 اگسٹ کو عدالت میں حاضر ہوں۔ اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کونسل ساجد رانا کے مطابق یہ فیصلہ اس پس منظر میں دیا گیا جبکہ متاثرہ خاتون نے ایس آئی ٹی کی اختتامی رپورٹ کے جواز کو عدالت میں چیلنج کیا۔ خاتون کا بیان اب ضابطہ فوجداری کے سیکشن 164 کے تحت ایک خاتون مجسٹریٹ کے روبرو قلمبند کرایا گیا ہے۔ پانچ ملزمین سنیل، رمیش، رام کمار، دیویندر اور یوگیندر پر اس خاتون کی عصمت ریزی کا الزام ہے، جو تب 30 سال کی تھی۔