2008ء دھماکے :انڈین مجاہدین کارکنوں کے خلاف چارج شیٹس

نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)دہلی پولیس نے 29 سرکردہ انڈین مجاہدین کارکنوں بشمول معاون بانیوں یٰسین بھٹکل، ریاض بھٹکل اور اقبال بھٹکل کے خلاف 13 ستمبر 2008ء سلسلہ وار بم دھماکوں کے تعلق سے درج دو مقدمات میں دو علیحدہ چارج شیٹ پیش کئے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے ایڈیشنل سیشن جج دَیا پرکاش کے روبرو چارج شیٹ پیش کی جنہوں نے ان پر غور کیلئے 19 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ایک چارج شیٹ قرول باغ دھماکوں کے سلسلے میں ہے جس میں 21 افراد ہلاک اور 64 زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ گریٹر کیلاش میں ہوئے دو دھماکوں میں 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کہا کہ یٰسین بھٹکل اور اس کا قریبی ساتھی اسد اللہ اختر اُس سازش کا حصہ تھے ، جس میں 13 ستمبر 2008ء کو دہلی میں سلسلہ وار بم دھماکے کئے گئے۔